لکھنؤ:17 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) سیاسی اعتبار سے انتہائی اہم اتر پردیش میں کانگریس نے اتوار کو اعلان کیا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں وہ ایس پی۔بی ایس پی۔آر ایل ڈی اتحاد کے لئے سات سیٹوں پر اپنے امیدوار نہیں اتارے گی۔ کانگریس نے دو سیٹیں اپنا دل کے لئے چھوڑنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ کانگریس نے’ جن ادھیکار پارٹی‘ سے انتخابی سمجھوتہ بھی کیا ہے۔یوپی کانگریس کمیٹی کے صدر راج ببر نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ایس پی۔بی ایس پی۔آر ایل ڈی کے لئے سات نشستیں ہم چھوڑ رہے ہیں۔ ان میں مین پوری، قنوج اور فیروز آباد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پارٹی ان سیٹوں پر کسی امیدوار کو نہیں اتارے گی۔ جن پر بی ایس پی سربراہ مایاوتی، آر ایل ڈی سربراہ اجیت سنگھ اور ان کے بیٹے جینت چودھری کے الیکشن لڑنے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد نے رائے بریلی اور امیٹھی نشستیں کانگریس کے لئے چھوڑی ہیں۔ اسی ترتیب میں ہم اتحاد کے لئے سات نشستیں چھوڑ رہے ہیں۔ راج ببر نے بتایا کہ کانگریس نے گونڈا اور پیلی بھیت نشستیں ’اپنا دل ‘کو دینا طے کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس نے’ جن ادھیکار پارٹی‘ کے ساتھ انتخابی سمجھوتہ کیا ہے۔ پانچ سیٹوں پر جن ادھیکار پارٹی کے امیدوار ہوں گے، جبکہ دو سیٹوں پر جن ادھیکار پارٹی کے امیدوار کانگریس کے نشان پر الیکشن لڑیں گے۔ جن ادھیکار پارٹی کے بانی بابو سنگھ کشواہا ہیں۔ بی ایس پی حکومت کے وقت وہ وزیر تھے اور مایاوتی کے قریبی مانے جاتے تھے۔